نظام ِتعلیم

نصاب و نظام تعلیم جامعہ خیرالمدارس ملتان
(شعبہ بنین)
قرآن مجید
جامعہ میں قرآن مجید کی معیاری تعلیم پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ الحمد للہ، جامعہ کے فیض یافتہ حفاظ وقراء پوری دنیا خصوصا حرمین میں خدمت قرآن کریم میں مصروف عمل ہیں۔ خصوصی شعبہ جات میں حفظ، گردان (دہرائی قرآن مجید) تجوید وقرآت عشرہ، شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قرب وجوار کے بچوں کے لیے ناظرہ قرآن مجید کا بھی اہتمام ہے۔
درس نظامی
جامعہ خیرالمدارس ملتان میں نافذالعمل عصری مضامین اورشرعی علوم پر مشتمل درسِ نظامی کے نصابِ تعلیم کا اجمالی خاکہ درج ذیل ہے
ابتدائیہ ایک سال: اس سال میں پرائمری تک کی ضروری کتب اور تعلیم الاسلام پڑھائی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ قرآن مجید کی تصحیح اور ضروری بنیادی عقائد سے بھی بچوں کو روشناس کرایاجاتاہے۔ نیز فارسی کی بنیادی کتب بھی پڑھائی جاتی ہیں۔
متوسطہ تین سال: ان سالوں میں پرائمری پاس بچوں کو لیاجاتاہے۔ ششم، ہفتم، اور ہشتم تک کے ضروری مضامین پڑھانے کے علاوہ سیرت، فقہ اور فارسی کی ابتدائی کتب اور عربی گرائمر (صرف ونحو) بھی پڑھائے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں بچوں کی خوشخطی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
میٹرک سال اول ودوم (نہم ودہم) دوسال: میٹرک کے نصاب کے ساتھ صرف ونحو کے ضروری مضامین بھی پڑھائے جاتے ہیں۔
عامہ دو سال: ان سالوں میں صرف ونحو اور عربی انشاء کی ابتدائی ودرمیانی کتب پڑھائی جاتی ہیں۔ نیزتفسیر پارہ عم، حدیث اور ابتدائی منطق بھی نصاب کا حصہ ہے۔
خاصہ دوسال: قرآن مجید کے بیس پاروں کی تفسیر کے ساتھ ساتھ،حدیث، فقہ واصول فقہ، نحو اور منطق وادب بھی نصاب کاحصہ ہیں۔
عالیہ دوسال: قرآن مجید کی مکمل تفسیر، جلالین، حدیث کا ایک وافر منتخب حصہ، بلاغت اور ادب عقائد، فقہ و اصول فقہ کی منتہی کتب ان سالوں میں پڑھائی جاتی ہیں۔
عالمیہ دوسال: عالمیہ میں مشکوۃ شریف، اور صحاح ستہ کے علاوہ دیگر احادیث کی مشہور کتب نصاب کاحصہ ہیں۔
تخصصات: درس نظامی کے تعلیمی دورانیہ کے بعد تخصصات کے شعبہ جات بھی اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ جن میں تخصص فی الدعوۃ والارشاد اور تخصص فی الافتاء شامل ہیں
تخصص فی الافتاء میں محدود تعداد میں فضلاء درس نظامی داخلہ کے اہل ہوتے ہیں جو عمدہ صلاحیت کے مالک ہوں۔اس دورانیہ میں طالب علموں کو فقہی مآخذ سے استفادہ کرنے اور فقہی مسائل کی تحقیق کی تربیت دی جاتی ہے۔ شعبہ الدعوۃ والارشاد میں بھی معقول تعداد میں طلبہ شرکت کرتے ہیں اور اس کے لیے بھی جامع نصاب ترتیب دیا گیا ہے جس میں تقابل ادیان کا مناسب انداز میں مطالعہ کرایا جاتاہے۔بعد ازمغرب مستقل طور پر تاجر وملازمین، اور عصری علوم کے حامل افراد کے لیے درس قرآن کا اہتمام بھی موجود ہے۔
خارجی تعلیمی سرگرمیاں: تعطیل کے اوقات میں درجہ کتب کے طلباء کو الیکٹریشن کا کورس کروایا جاتا ہے نیز کمپیوٹر کے مختلف کورسز بھی منعقد ہوتے ہیں جن میں طلباء کی ایک معقول تعداد شرکت کرتی ہے۔
تعلیم النساء
(شعبہ بنات)
قرآن کریم: طالبات کے لئے ناظرہ، حفظ اور گردان (دہرائی قرآن مجید) کا انتظام ہے۔ قرآن مجید کی تصحیح کے لئے تجوید کا بھی اہتمام ہوتا ہے۔
درسِ نظامی: شعبہ بنات کے درسِ نظامی میں داخلہ کے لئے میٹرک پاس ہونا شرط ہے۔
خاصہ سال اول، دوم: میں تفسیر، حدیث، تجوید، عربی گرائمر (صرف و نحو) فقہ، اصول فقہ، منطق اور عربی ادب کی کتب پڑھائی جاتی ہیں۔
عالیہ سال اول، دوم: میں درج بالا مضامین کے علاوہ اصول حدیث، بلاغت، عقائد اور اصول تفسیر بھی شامل درس ہیں۔
عالمیہ سال اول، دوم: میں تفسیر و حدیث کی مشہور کتب، بشمول بخاری شریف و مسلم شریف شامل نصاب ہیں۔
دراسات دینیہ: دو سالوں میں تفسیر، حدیث، فقہ، سیرت، عربی گرائمر اور عربی ادب کی ابتدائی کتب پڑھائی جاتی ہیں نیز سالانہ تعطیلات میں مستورات کے لئے دورہ تفسیر قرآن کریم کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔
عصری تعلیم: طالبات کے لئے میٹرک تک انگلش میڈیم تعلیم کا باقاعدہ انتظام ہے۔ خالص دینی و باپردہ ماحول میں تربیت کے ساتھ اعلیٰ معیاری تعلیم دی جاتی ہے۔
کمپیوٹر: جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے لئے کمپیوٹر کے مختصر دورانیے کے کورس بھی کروائے جاتے ہیں۔
ٹیلرنگ: طالبات کو سلائی کڑھائی سکھانے کے لئے ٹیلرنگ کا ایک الگ شعبہ بھی مصروف عمل ہے جس میں مختلف ڈیزائن کے سلائی کے کورس کروائے جاتے ہیں۔
دفتر تعلیمات
یہ جامعہ خیرالمدارس ملتان کا بنیادی شعبہ ہے جو تعلیمات سے متعلق تمام اہم امور انجام دیتا ہے۔ طلبہ کے داخلے سے لے کر اسناد جاری کرنے تک کے تمام مراحل دفتر تعلیمات کے فرائض میں داخل ہیں جنہیں وہ تندہی کے ساتھ انجام دیتا ہے۔ تمام طلبہ کے داخلہ فارم اور ان کا سارا تعلیمی ریکارڈ یہیں محفوظ کیا جاتا ہے۔ کسی بھی طالب علم یا فاضل جامعہ کے تعلیمی کوائف مطلوب ہوں تو وہ دفتر تعلیمات ہی سے طلب کئے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ سہ ماہی، ششماہی اور سالانہ امتحانات کا نظم بھی اسی شعبہ کے ذمہ ہے۔ امتحان میں نمایا ں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔