جامعہ خیرالمدارس کے مختلف شعبہ جات سے ہزاروں تشنگان علم اپنی پیاس بجھا چکےہیں۔ اب پاکستان اور دنیا کے اکثر ممالک میں خدمت دین کے لیے مصروف ہیں۔ اس وقت درج ذیل شعبہ جات طلباء وطالبات کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں
التخصصات
اس شعبہ کے تحت عوام کی رہنمائی کے لیے فاضل علماء کو فتاوی کی مشق کرائی جاتی ہے۔ اور تحقیق کا طریقہ سکھایاجاتاہے۔ جامعہ میں تخصص فی الفقہ، تخصص فی الدعوۃ والارشاد اور تخصص فی العلوم کا بہترین انتظام ہے ۔
درس نظامی
یہ جامعہ کا اساسی شعبہ ہے جس میں قرآن پاک کے حافظ یاناظرہ خواں ، پرائمری پاس طلباء کو داخل کیاجاتاہے۔ اور میٹرک کے ساتھ درس نظامی کی تکمیل کے بعد سند الشہادۃ العالمیہ دی جاتی ہے۔ اس شعبہ سے اب تک ہزاروں طلباء فارغ ہوکر ملک وبیرون ملک مختلف مقامات پر علم دین کی تبلیغ اورتعلیم میں مصروف ہیں جن میں بعض اس وقت نامور علماء کرام میں شمار کیے جاتے ہیں۔ اس شعبہ سے فارغ التحصیل علماء وفاق المدارس کے امتحان میں شرکت کرتے ہیں جس کی سند کو یونیورسٹی گرانٹس کمیشن حکومت پاکستان نے ایم اے عربی / اسلامیات کے مساوی قرار دیا ہے ۔ درس نظامی کےطلباء کے لیے گورنمنٹ نصاب کے مطابق میٹرک تک کی تعلیم بھی نصاب میں شامل ہے
حفظ ، تجوید وقرآت
جامعہ کا یہ شعبہ ملک وبیرون ملک میں نہ صرف متعارف بلکہ اپنی انفرادیت وخدمات کی وجہ سے نہایت مقبول ہے۔ اس شعبہ کے فاضل قراء حفاظ پاکستان میں بیشتر مقامات پر حفظ وتجوید کی خدمات میں مصروف ہیں۔ الحمد للہ ، ایشیاء ،یورپ اور افریقہ کے کئی ممالک کے علاوہ حرمین شریفین میں بھی اس شعبہ کے فضلاء حفظ وتجوید کا فریضہ ادا کررہے ہیں ۔
کتب خانہ
جامعہ کا کتب خانہ ممتاز علمی لائبریریوں میں شمار ہوتاہے۔ جس میں اس وقت کم وبیش 20000 دینی اسلامی تاریخی ادبی اصلاحی تبلیغی کتابیں موجود ہیں۔ بیشتر بنیادی ماخذ ہیں۔ طلبہ واساتذہ کو تعلیم وتدریس کے لیے کتابیں یہی شعبہ مہیا کرتاہے۔ اور مطالعہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کتب خانہ کی تزیین وآرائش پر کثیر رقم خرچ کی گئی ہے۔